Friday, October 7, 2016

The Holy Family of Prophet PBUH is not only Sacred but also are to make others pure अहले बैत पाक ही नहीं पाक करने वाले भी हैं اہلِ بیت صرف پاک ہی نہیں پاک کرنے والے بھی ہیں


اہلِ بیت صرف پاک ہی نہیں پاک کرنے والے بھی ہیں 

عبدالمعید ازہری

بے اجازت ان کے گھر جبرئیل بھی آتے نہیں قدر والے جا نتے ہیں کیا ہے شانِ اہل بیت
دین اسلام کی ابتداء اقرار سے شروع ہو کر عقیدت ومحبت ، عشق و جنون ، ایثار و قربانی کے مراحل سے گذرتے ہو تے ہوئے شہادت پر منتہی ہو تی ہے ۔کسی بھی بندہٗ کی آرزوئے شہادت مرتبت کی ایک آخری منزل ہوتی ہے ۔ ان ساری صفات اور مقامات کو ایک جگہ کردو تو کربلا بنتا ہے ۔ ایک گھر میں رکھ دو تو اہل بیت اور ایک ذات میں سمیٹ دو توامام عالی مقام امام حسین علیہ السلام کی ذات و بالا صفات بنتی ہے ۔
’’ذبح خلیل بھی ہے عشق قتل حسین بھی ہے عشق میدان کارزار میں بدر و حنین بھی ہے عشق‘‘ 
محرم کا چاند نظر آتے ہی ہر بندۂ مومن کا ایمان عشق کی حرارت سے شدت پر پہنچ جا تا ہے ۔ تاریخ اسلام میں سالِ نو کا یہ چاند ہر سال اسلام کو تازہ کرتا ہے ۔ہر بندۂ مومن بلکہ جملہ مخلوق خدا اس ماہ عظمت و مرتبت کی سر بلندی کے آگے احتراماً اور ایماناً سر نیاز مندی کو خم کردیتا ہے ۔ کیونکہ یہ ماہ جہاں ایک طرف ذبح خلیل کی تکمیل کی سوغات ہے وہیں دوسری طرف تکمیل رسالت مآب ﷺ کی سعادت اورآرزوئے شہادت کا نعم البدل ہے ۔ دین اسلام کاکوئی بھی گوشہ ایسا نہیں ہے جو اس ماہِ مبارک سے منسوب نہ ہو ۔ 
جب جب دین اسلام کی سرفرازی و سربلندی اور قیامت تک اس کے وجود وبقا کے لئے دی گئی قربانیوں کا تذکرہ ہوگا اس میں پہلا اور آخری باب اہل بیت، ماہِ محرم اور میدانِ کربلا ہو گا ۔ ذکرماہِ محرم اور داستانِ صبرو کربلا کا دامن اتنا وسیع ہے کہ روئے زمین بھی اس کے تذکروں کے آگے تنگ دست اور کوتاہ ظرف نظر آتا ہے ۔ یہ داستان نورِ الٰہی کی ایسی پانچ تجلیوں کی ہے جن کی عظمت کی نمائش کی خاطر یہ جہاں اور دورِ جہاں ہے ۔ حضرت بیدم وارثی اس کی ترجمانی اس انداز میں کرتے ہیں کہ
’’بیدم یہی تو پانچ ہیں مقصود کائنات خیرالنساء حسین وحسن مصطفیٰ علی‘‘
قرآن پاک کی آیات نے ان کی طہارت کوبارہا ذکرکیا ہے اور اس کی گواہی بھی دی ہے ۔ احادیث رسول نے ان کی عظمت ورفعت اور مقام و اہمیت کے کئی ابواب کھولے ہیں ۔ اصحاب نبی نے انہیں ایمان گردانا اور ایمان نے انہیں اپنی جان اور نشانی بتایا کہ ان سے محبت ایمان ہے ۔ ان سے عداوت کفر ہے ۔ اس لحاظ سے بھی یہ ماہِ محرم ایمان اور تجدید ایمان کا مہینہ ہے ۔ ’’ذکر شہید کربلا ذکر شہ انام ہے باطل کے آگے سر جھکے مؤمن کو یہ حرام ہے‘‘
اس نوری پنجتن پاک کے بارے میں قرآن نے فرمایا کہ ہم نے انہیں طاہر ہی نہیں بلکہ دوسروں کو بھی پاک و پاکیزہ کرنے والا بنا دیا ۔ نبی علیہ السلام ،جن کے بارے میں رب نے فرمایا کہ میری رضا کا راستہ ان کے در اور گھر سے ہو کر ہے ،فرماتے ہیں یہ علی ہیں اللہ کے شیرمشکل کشا ، علم کا دروازہ ، میرے بازو، ان سے محبت ایمان اور ان سے بغض و عناد کفر ہے ۔ یہ شہزادی کونین فاطمہ ہیں، میرا دل ان میں دھڑکتا ہے ،خاتون جنت ،انہیں دنیا ہی میں جنت میں عورتوں کی سرداری کا مژدہ سنایا گیا ، ان کی حیاء اور پاکیزگی کا عالم یہ ہے کہ جبرئیل بھی بغیر اجازت گھر میں داخل نہیں ہو تے ۔ یہ حسن و حسین ہیں ،علی کے لخت و جگر،فاطمہ کے لعل،میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور د ل کے سکون، جنت کے دو پھول ، جنتی نوجوانوں کے سردار ، میرے دل کی دھڑکن اور دین اسلام کے محافظ و علمبردارہیں ۔ ’’حَسن کا حُسن ہے سارے جمال پر غالب حُسَین لکھ کے تو دیکھو حَسِین ہے کہ نہیں‘‘۔
اللہ نے خود انہیں اپنے دین متین کی حفاظت کے لئے منتخب کیا ہے ۔ ایک میرا جسم تو دوسرا میری جان ہے ۔یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں جن کے محض ذکر سے بلائیں ٹل جا تی ہیں ، مصیبتیں اپنا راستہ بدل لیتی ہیں ، مشکلات خود مشکل میں پڑ جا تی ہیں ۔
’’لی خمسۃ اطفی بہا حرالوباء حاطمہ المصطفیٰ والمرتضیٰ وابناھما وافاطمہ‘‘ 
ان اصحاب اہل بیت کے تذکرے صرف روئے زمین کی کتابوں میں ہی نہیں ہے بلکہ آسمان میں ملائک کی انجمن اور فرشتوں کی زبانوں پر ہیں ۔
اس خاندان اہل بیت نے دنیا کو کامیابی و سرفرازی کا ایک عجیب وغریب فلسفہ دیا ۔ میدان عشق وشہادت نے سربلندی کی روایت سر کٹانے سے رائز کر دی اور اپنی نبض کو ڈبو کر نبض ایمان واسلام کو قیامت تک کے لئے جا ری کر دیا ۔ اسی میدانِ کربلا سے ایک ایسا حیرت انگیز اصول دنیا کی تاریخ نے دیکھا کہ فتح وشکست کا زاویہ ہی الٹ گیا تھا جہاں زندگی کو شکست اور موت کو فتح حاصل ہو ئی ۔ مورچہ جیت کر بھی فوجِ یزید جنگ ہا ر گئی ۔ اور مظلوم فوجِ حسینی آج تک زند و جاوید ہیں اور قیامت تک ہر اہل ایمان کے دل و دماغ میں ان کے تذکرے زند و پائندہ رہیں گے اور یہ اعلان کرتے رہیں گے کہ 
’’صبر کا نام زندگی ، ظلم کانام موت ہے ۔۔۔۔

*****


Abdul Moid Azhari (Amethi) Email: abdulmoid07@gmail.com, Mob: 09582859385






@@---Save Water, Tree and Girl Child Save the World---@@

No comments:

Post a Comment